محمد مالک اور غازی علم دین کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی

لاہور (خبر نگار) تحریک پاکستان کے اولین شہید محمد مالک شہیدؒکے یوم شہادت کے موقع پرنظریہ پاکستان ٹرسٹ اورتحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداران نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکے ہمراہ اُن کے مزارپر حاضری دی۔ اس موقع پر مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں‘ایک چادر جناب مجید نظامی کی جانب سے بھی چڑھائی گئی اور شہید کی روح کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کےلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ محمد مالک کی شہادت نے برصغیر کے مسلمان نوجوانوں کو جدوجہد آزادی میں اور زیادہ سرگرم کردار ادا کرنے کےلئے جوش و جذبہ عطا کیا تھا۔ اس موقع پر نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید‘ تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے سیکرٹری رفاقت ریاض‘ ابراہیم غزنوی‘ محمد یٰسین وٹو‘ عزیز ظفر آزاد‘ تحریک تکمیل پاکستان لاہور کے صدر ڈاکٹر یعقوب آغا‘ چیف کوآرڈینیٹر منظورحسین خان‘ چیئرمین دربارکمیٹی غازی علم دین شہیدؒ حاجی محمد طارق بھی موجود تھے۔ حاضرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ محمد مالک شہیدؒکے مزار کی تعمیر، تحریک پاکستان کے اس ہیرو کی یاد میں ان کے نام سے کوئی سڑک منسوب کرنے کے علاوہ اسلامیہ کالج ریلوے روڈ میں محمد مالک شہیدؒ کے نام سے وظائف کااجراءبھی کیا جائے۔ بعد ازاں وفد نے عاشق رسولﷺغازی علم دین شہیدؒکے مزار پر بھی حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کی ارواح کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔