ڈاکٹرز کا سروس سٹرکچر عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس، بلاتعطل صحت کی سہولیات کی فراہمی پر اتفاق

لاہور (نیوز رپورٹر) حکومت اور ڈاکٹروں کی تنظیموں کا سروس سٹرکچر پر عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز ہوا۔ جس میں طے پایا شہریوں کو بلاتعطل صحت کی سہولیات کی فراہمی کی جائے گی۔ ڈاکٹروں کے مسائل اور تکالیف کے فوری ازالہ کا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔ سروس سٹرکچر اور ڈاکٹروں کیلئے سہولیات اور ذمہ داریوں کا تعین کیا جائےگا۔ حکومت کی طرف سے خواجہ سلمان رفیق، صحت، خزانہ، ریگولیشن اور پراسیکیوشن کے سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ پی ایم اے کی طرف سے تنویر انور، اظہار احمد اور ابرار اشرف جبکہ وائی ڈی اے کی طرف سے عامر علی بندیشہ، ناصر عباس اور ابوبکر نے نمائندگی کی۔ ڈینٹل ایسوسی ایشن کی نمائندگی ڈاکٹر عاصم بٹ نے کی۔ کمیٹی کا اجلاس آئندہ تین روز میں دوبارہ بلایا جائے گا۔