لاہور میں 47 لاکھ کے 18 ڈاکے، 4 گاڑیاں، 6 موٹر سائیکل چوری

لاہور (نامہ نگار) لاہور میں ڈاکوﺅں نے وارداتوں میں متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے کی نقدی اور قیمتی سامان لوٹ لیا، تفصیلات کے مطابق ڈاکوﺅں نے ستوکتلہ میں تیمور کے گھر سے 10 لاکھ، گڑھی شاہو میں نسیم احمد کے گھر سے 8 لاکھ، گلبرگ میں شہزاد کے گھر سے 7 لاکھ، جنوبی چھاﺅن میں ممتاز احمد، شیراکوٹ میں طارق کے گھر سے پانچ، 5 لاکھ، لاری اڈا میںذوالفقار کے گھر سے 4 لاکھ، گارڈن ٹاﺅن میں واجد، غازی آباد میں احمد دین کے گھر سے 3 لاکھ، ڈیفنس اے میں وحید کی فیملی سے 2 لاکھ، ماڈل ٹاﺅن میں نصراللہ، کوٹ لکھپت میں امجد، مناواں میں لیاقت، شفیق آباد میں رشید کی فیملی سے ایک، ایک لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔ ساندہ میں اسد سے 50 ہزار، گلشن راوی میں مطلوب سے 30 ہزار، مزنگ میں سلیم سے ہزاروں روپے اور تمام مذکورہ افراد سے موبائل فونز چھین لئے گئے۔ چوروں نے لٹن روڈ، نواں کوٹ، راوی روڈ اور لوئر مال سے 4 گاڑیاں جبکہ گارڈن، نشتر کالونی، شاہدرہ، ملت پارک، گجرپورہ، اقبال ٹاﺅن سے 6 موٹرسائیکل چوری کرلئے۔