گردوں اور جگر کی پیوندکاری کیلئے انٹرنیشنل معیار کے انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کا آغاز

لاہور(نیوزرپورٹر)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی جانب سے گردوں اور جگر کے مریضوں کو پیوندکاری کی سہولیات مقامی طور پر فراہم کرنے کے ویژن کے تحت لاہور میں بین الاقوامی معیار کا کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے جس کا سنگ بنیاد ایک ماہ کے اندر رکھ دیا جائے گا۔منصوبے پر کل لاگت کا تخمینہ12 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ حکومت نے منصوبے کے لئے بیدیاں روڈ پر 50 ایکڑ زمین پہلے ہی مختص کر دی ہے۔یہ بات مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے آج ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب کے کمیٹی روم میں انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے سلسلہ میں 30 کروڑ روپے مالیت کا چیک پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ ٹرسٹ کے چیئرمین اور الشفاء انٹر نیشنل میںجگر کی پیوندکاری کے شعبہ کے سربراہ پروفیسر سعید اختر کے حوالے کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ غریب مریضوں کا علاج بالکل مفت ہو گا۔