پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے 71 ملازمین کو مستقل کر دیا گیا

لاہور (خبرنگار) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے گریڈ 1 تا 15 کے 71 کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کر دیا گیا۔ چیئرمین پی آئی سی خواجہ احمد حسان نے ملازمین میں مستقل تقررنامے تقسیم کیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ادارہ میں باقی ڈیلی ویجز اور شریک ملازمین کو بھی مرحلہ وار مستقل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ایمانداری اور محنت سے کام کریں اور مریضوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی سی کو پاکستان کا نمبر ون ہسپتال بنایا جائے گا۔ سو بیڈز پر مشتمل نئے ایمرجنسی وارڈ سے روزانہ ایک ہزار سے زائد مریضوں کو چیک کرنے کی سہولت میسر آ جائے گی۔