سانحہ پشاور نے پوری قوم کو اکٹھا کر دیا: گورنر سرور

سانحہ پشاور نے پوری قوم کو اکٹھا کر دیا: گورنر سرور

لاہور(خبر نگار)گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو متحد کر دیا ہے اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پوری قوم اس وقت ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہے۔ عہدہ اور اختیارات درحقیقت انسان کی آزمائش ہے ، لوگ ہمیشہ انہی کو یاد رکھتے ہیں جو اپنے اختیارات کو عوام کی بہتری کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں مختلف ادوار میں گورنر پنجاب کے عہدے پر اپنی خدمات انجام دینے والی شخصیات اور ان کے اہل خانہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تاریخ ہمیشہ انہیں یاد رکھتی ہے جو طاقت کے استعمال کو ملک و قوم کی بہتری کے لئے استعمال کرتے ہوئے خود کو عوامی خدمت کے لئے وقف کردیں آج پنجاب کے سابق گورنرز کو اکٹھا دیکھ کر مسرت اور اطمینانیت کا احساس ہوا ہے۔دریں اثنا گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ ملک میں ہیلتھ سسٹم کو بہتر بنانے میں فیملی فزیشنز کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت فیملی فزیشنز ڈاکٹروں کے ساتھ مل کر غریب عوام کو بہتر سے بہتر علاج معالجہ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے تاکہ صوبے میں پرائمری ہیلتھ سسٹم بہتر ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز تین روزہ 25 ویں سلور جوبلی فیملی کون کانفرنس 2015 ء کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، ڈنمارک کے سفیر جیسپر ایم سورنسن، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز، پروفیسر ڈاکٹر اکرام، ڈاکٹر طارق میاں، ڈاکٹر سعید احمد، ڈاکٹر امجد شہزاد، پروفیسر مسعود صادق اور دیگر موجود تھے۔