اسلام پاکستان کی اساس، تشخص مسخ نہیں کرنے دیں گے: مجلس شوریٰ جماعت اسلامی

لاہور ( سپیشل رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شورٰی کا اجلاس امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی صدارت میں تیسرے روز بھی جاری رہا ۔ آج کے اجلاس میں منظور کی گئی قرار داد میں کہاگیاہے کہ پاکستان نظریاتی اسلامی مملکت ہے اور اس کی اساس لاالہ الا اللہ محمدرسول اللہ ہے۔ قائداعظم کے قیام پاکستان سے قبل اور بعد کے متعدد بیانات واضح کرچکے ہیںکہ پاکستان کی بنیاد اسلامی اصولوں پر رکھی جائے گی اور یہ کہ قرآن مجید ہمارے قانون اور آئین کامنبع ہے۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیاہے کہ ملک کی سیکولرائزیشن کو ہر سطح پر روکنے اور پاکستان کا اسلامی تشخص برقرار رکھنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ قائداعظم کے نظریات کے بارے میں شکوک و شبہات پیداکرنے والوں کااحتساب کیاجائے۔ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو اسلامی تہذیب و ثقافت کی ترویج کامرکز بنایاجائے۔نصاب تعلیم میں اسلام اور اسلامی تہذیب و ثقافت اور تاریخ کو فروغ دینے کے لیے لوازمہ شامل کیاجائے۔