ٹرمپ صیہونی غلامی اختیار کر رہے ہیں: لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکی صدر ٹرمپ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانہ کھولنے کے اعلان سے صیہونیت کی غلامی اختیار کررہے ہیں ۔ 1980 ء کے بعد سے اقوام متحدہ کے واضح فیصلہ کے بعد کسی بھی ملک نے اسرائیلی فیصلہ کی تائید کی ، نہ سفارتخانہ کھولا اور نہ ہی بش اور اوباما یہ جرأت کر سکے ۔ ٹرمپ دنیا بھر میں جمہوری اور انسانی ہر مفید فیصلہ سے انحراف کر کے اقوام متحدہ کے فیصلہ کی کھلی خلاف ورزی کر رہے ہیں ۔ امریکی صدر کو اپنا فیصلہ واپس لینا ہوگا ۔ پوری دنیا میں اسرائیل کی ناجائز ریاست اور صیہونیت کی امریکی سرپرستی کے خلاف احتجاج بڑھتا ہی جائے گا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ مسلم ممالک شام ، یمن ، لیبیا ، عراق بڑی تباہی سے اس لیے دوچار ہوئے کہ انہوں نے فلسطین ، کشمیر ، افغانستان کے مسائل حل کرنے پرتوجہ نہ دی۔