’’بڑی طاقتوں نے انسانی حقوق کے چارٹر کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا‘‘

لاہور (پ ر) گورنمنٹ کالج ٹائون شپ میں  CAPکے تعاون اور اشتراک سے  انسانی حقوق  کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ  اور انسانی حقوق کے حوالے سے سیمینار کا منعقد کیا گیا۔  تقریب  سے بریگیڈئیر (ر) فاروق حمید، کرنل (ر) سکندرسلطان گھمن،  ڈاکٹر اعجاز بٹ، ثناء احمد اور عمیر رضا نے خطاب کیا۔  برگیڈیئر فاروق حمید نے کہا بڑی طاقتوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق چارٹر کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی بجائے اپنے مفادات کے لیے استعمال کیا۔  اقوام متحدہ محض مخصوص ممالک اور حالات میں انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کر پائی کہیں کہیں کامیابی بھی حاصل ہوئی لیکن مثالی صورتحال کبھی پیدا نہ ہوئی  اقوام متحدہ بڑی طاقتوں کے ہاتھ میں کھلونا بنی رہی۔ کرنل سکندر گھمن نے کہا اقوام متحدہ طاقتور کے سامنے ہمیشہ خاموش رہی اور انسانی حقوق کے نفاذ کے حوالے سے جاندار کردار نہیں کر سکی۔ ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ پرنسپل گورنمنٹ کالج ٹائون شپ نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اور امریکہ دونوں انسانی حقوق کے مسئلے پر دوغلے پن کا شکار ہیں۔