امریکہ‘ بھارت‘ یورپ انسانی حقوق کی پامالیوں میں مصروف ہیں: حافظ سعید

امریکہ‘  بھارت‘ یورپ  انسانی حقوق  کی پامالیوں  میں مصروف ہیں: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہاہے کہ دنیا میںنام نہاد انسانی حقوق کے علمبردار امریکہ، بھارت اوریورپ ہی سب سے زیادہ انسانی حقوق کی پامالیوں میں مصروف ہیں۔کشمیر، فلسطین و دنیا کے دیگر خطوں میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے بدترین مظالم پر حقوق انسانی کے عالمی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے۔پوری پاکستانی قوم کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔یکطرفہ دوستی اور باہمی اعتماد سازی کے اقدامات ترک کرکے مسئلہ کشمیر پراقوام متحدہ کی قراردادوں والا پرانا اصولی اور دوٹوک موقف اختیار کیا جائے۔بھارت طاقت و قوت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو زیادہ دیر تک غلام بنا کر نہیں رکھ سکتا۔مظلوم کشمیریوں کی مددوحمایت جاری رکھیں گے۔ اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نت نئے مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔آئے دن اجتماعی قبریں برآمد ہو رہی ہیں۔ڈیڑھ لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیاجاچکا ہے۔ دس ہزار سے زائد نوجوان تاحال لاپتہ ہیں اور ہزارو ں خواتین کی عصمت دری کی جاچکی ہے۔ کشمیریوں کی عزتیں ،جانیں اور املاک کوئی چیز محفوظ نہیں ہے لیکن اس کے باوجود امریکہ و یورپ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ حکومت پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف سے دستبردار نہیں ہونا چاہیے بلکہ کھل کر مظلوم کشمیریوں کی مدد و حمایت کا فریضہ سرانجا م دینا چاہیے ۔ محض بھارت کی خوشنودی اور اس سے دوستی پروان چڑھانے کیلئے پاکستانی قوم کے محسن کشمیریوں کو ناراض کرنا کسی صورت درست نہیں ہے۔ اگر کشمیری پاکستان کا جھنڈا لہرا رہے ہیں تو ہمیں بھی اس کا عملی جواب دینا چاہیے۔ بھارت کے آخری سہارے امریکہ کو افغانستان میں بدترین شکست کاسامنا ہے۔ بھارت کو بھی چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے آٹھ لاکھ فوج نکال لے اور اپنا غاصبانہ فوجی قبضہ ختم کرے۔ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری مسلمان انشاء اللہ آزاد فضا میں سانس لیں گے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت، امریکہ اور اسرائیل کی پاکستان میں مداخلت خطر ناک حد تک بڑھ چکی ہے بیرونی قوتوں کی مداخلت ختم کئے بغیر ملک میں امن وامان قائم نہیں ہو سکتا۔