پیپلزپارٹی میڈیا پر پابندیاں لگانے کا ارادہ نہیں رکھتی: فوزیہ وہاب

لاہور (سٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات فوزیہ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے اندر کوئی گروپنگ نہیں ہے۔ پوری کی پوری پارٹی صدر مملکت آصف علی زرداری کی قیادت میں متحد ہے۔ نوازشریف اور شہبازشریف سے سیلاب زدگان کی مدد کے لےے اے پی سی پر بھی بات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی لاہور کے مال روڈ ریگل چوک میں لگائے گئے سیلاب زدگان کے امدادی کیمپ میں فنڈ اکٹھا کرنے کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر فخرالدین چودھری، چودھری اصغر علی گجر، اکبر خان، حافظ اخلاق احمد خان، زاہد ذوالفقار، افنان بٹ، حاجی اعجاز اور اقبال سیالوی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ فوزیہ وہاب نے کہا صرف پیپلزپارٹی لاہور نے 70 لاکھ روپے کے 40 ٹرک سیلاب زدگان کی امداد کیلئے بھجوائے ہیں جبکہ میں اس وقت جس کیمپ میں موجود ہوں اس کیمپ سے 7 لاکھ روپے کا امدادی سامان سیلاب زدگان کیلئے بھجوایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ذرائع ابلاغ پر پابندی لگانے کا ارادہ نہیں رکھتے نہ ہم نے پابندی لگائی ہے، کیبل آپریٹرز اور ٹی وی والوں کی آپس میں لڑائی کو ہمارے ساتھ جوڑنا مناسب نہیں ہے۔ اگر حکومت نے کسی چینل کی انتظامیہ کےخلاف مظاہرے کروانے ہوتے تو پھر صرف ایک شہر میں یہ مظاہرے نہ ہوتے بلکہ ملک بھر میں یہ مظاہرے ہوتے۔