عالمی برادری نہتے فلسطینی شہریوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بربریت کا نوٹس لے: عبدالغفار روپڑی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے غزہ میں اسرائیلی آپریشن کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عالمی برادری نہتے فلسطینی شہریوں پر اسرائیل کی وحشیانہ  بربریت کا فوری نوٹس لے۔ بے گناہ معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی بمباری انتہائی شرمناک اور قابل مذمت فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس کی جانب سے راکٹ حملوں کو جواز بنا کر غزہ میں ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ فلسطینی نوجوان کو زندہ جلانا دین اسلام سے دشمنی کا کھلم کھلا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر کی حقوق انسانیت کی علمبردار عالمی تنظیمیں اسرائیلی کارروائیوں کی روک تھام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔