سانحہ ماڈل ٹائون: فرانزک ایجنسی کو ثبوت اکٹھے کرنے میں مشکلات، حکام کو تحفظات سے آگاہ کر دیا

لا ہور ( نامہ نگار)سانحہ ماڈل ٹاؤن کو تین ہفتے گزر جانے کے بعد تحقیقات کی اجازت ملنے پر فرانزک سائنس ایجنسی کو ثبوت و شوہد اکھٹے کرنے میں دشواری کا سامنا ہے جس پر ایجنسی نے حکام کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تین ہفتے گزر جانے کے بعد فرانزک سائنس ایجنسی اور جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کو منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں داخلے کی اجازت ملی۔ فرانزک ماہرین نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے ساتھ منہاج القرآن سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ جہاں وقوعہ کو 21دن گزر جانے کے باعث انہیں کوئی خاص ثبوت نہ مل سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے سیکرٹریٹ پر توڑ پھوڑ کے نشانات بھی ختم ہو چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق زیادہ وقت گزرنے کی وجہ سے شواہد مٹ چکے ہیں، فرانزک رپورٹ مرتب کرنا مشکل ہے۔