سابق چیف ایگزیکٹو لیسکو پر ناجائز اثاثے بنانے کے الزام میں ایک اور مقدمہ درج

لاہور (خبرنگار) ایف آئی اے نے لیسکو کے سابق چیف ایگزیکٹو ارشد رفیق کیخلاف ناجائز اثاثے بنانے کے الزام میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا ہے اور 3 دن کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے ارشد رفیق کو جیل سے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ ارشد رفیق کے اثاثوں میں شیخوپورہ میں 80 کنال زمین، ڈیفنس فیز 7 میں پلاٹ، پیرا گون سٹی میں گھر، گھر کے لاکر سے ساڑھے سات لاکھ روپے 49 تولے سونا برآمد ہوا تھا جبکہ بنک اکائونٹ سے ڈیڑھ سال میں نہ نکالی گئی، تنخواہ کے 35لاکھ بھی ملے تھے۔ انہیں لاہور کے شہریوں کی بجلی ٹیکسٹائل ملوں کو دینے کے الزام میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ دوسرا مقدمہ ٹرانسفارمرز کی خریداری میں 3 کروڑ 71 لاکھ روپے کی کرپنش پر درج کیا گیا تھا۔