حکومت پنجاب نے سرکاری اداروں میں کفایت شعاری کیلئے پلان جاری کر دیا

لاہور ( سپیشل رپورٹر)  حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے سرکاری اداروں کے مالی معاملات پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے کی غرض سے ’’Austerity Committee‘‘/سادگی کفایت شعاری کمیٹی مستقل بنیادوں پر قائم رکھنے کے ساتھ ساتھ صوبائی وزراء اور سول بیوروکریسی کو اندرون ملک ہوائی سفر ڈومسیٹک فلائٹس کی اکانومی کلاس میں کرنے اور بیرون ملک سفر کے لئے وزراء کو ان کے استحقاق سے ایک درجہ کم کلاس میں سفر کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔جس کا اطلاق رواں مالی سال کے دوران مکمل طور پر ہوگا جبکہ سرکاری اداروںکے لئے فرنیچر،فیکس مشینوں، فوٹو کاپئیر، جنریٹرز،ائیر کنڈیشنرز، سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے آلات اور نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفیکیشن بھی از سر نو جاری کر دیا گیا۔ صوبہ میں نئی گاڑیوں بشمول ٹرک، بس، لگژری گاڑیوں کی خریداری پا پابندی عائد کر دی گئی ہے،تاہم اگر کسی محکمہ کے لئے پرانی گاڑیوں کی تبدیلی ناگزیر قرار پائی تو وہ محکمہ نئی گاڑیوں کی خریداری کے لئے اپنا کیس پہلے سادگی،کفایت شعاری کمیٹی کے سامنے بھجوائے گا جس کی رپورٹ کی روشنی میں ہی کوئی فیصلہ ہو سکے گا۔  سرکاری ادارے اپنی سالانہ بنیادوں پرلی جانے والی  سپلیمنٹری گرانٹ کا حجم بھی کم سے کم کرنے کے لئے اقدامات کرنے کے پابند ہیں، اس حوالے سے اخراجات میں نمایاں کمی لائی جائے۔ مراسلہ سرکاری اداروں کو پٹرول کے ساتھ ساتھ یوٹیلیٹی بلز کی مد میں بھی رقم بچنے اور حد سے زائد یوٹیلیٹی بلز پر قابو پانے کا حکم دیا گیا ہے۔