بھارت افغانستان کی سرحد پر بیٹھ کر علیحدگی کی تحریکیں منظم کر رہا ہے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی فوج کی جگہ بھارتی فوج کو دی جا رہی ہے، بھارت افغانستان کی سرحد پر بیٹھ کر علیحدگی کی تحریکیں منظم کر رہا ہے، پاکستان کیلئے سب سے بڑا خطرہ افغانستان میں ہندوستانی فوج کی موجودگی ہے، جماعۃ الدعوۃ نے اپنی ریلیف سرگرمیوں کا دائرہ چترال اور گلگت تک وسیع کر دیا ہے۔ جماعۃ الدعوۃ بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور ژوب میں وزیرستان آپریشن متاثرہ ہزاروں خاندانوں کی کفالت کر رہی ہے، روزانہ ہزاروں افراد کو سحری و افطاری کے موقع پر تیار کھانا اور صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ وہ ڈیفنس میں افطار ڈنر اور انفٹری روڈ دھرم پورہ کے مقامی شادی ہال میں نماز فجر کے بعد فہم اسلام پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا بھارت کو خطے کی سپرپاور بنانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ اگرمودی سرکار نے اپنے انتخابی منشور پر عمل کرتے ہوئے بھارتی مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں دخل اندازی بند نہ کی تودوقومی نظریہ پھر سے بھرپور انداز میں زندہ ہو گا اور بھارت کے 25کروڑ مسلمان متحدو بیدار ہوجائیں گے جس سے کشمیر سمیت پورے بھار ت کے مظلوم مسلمانوں کا آزادیاں ملیں گی۔ افغانستان میں 7لاکھ افغانی اور ڈرون حملوںکے نتیجے میں ہزاروں قبائلی مسلمان شہید ہوئے ہیں۔ ان کی سازشوں کی وجہ سے پاکستان میدان جنگ بنا، یہاں تشدد کو اُبھارا گیا۔ ڈرون حملوں کے ردعمل میں یہاں خودکش حملے ہوئے جس میں مسلمان ہی لقمہ اجل بنے۔خطے میں دشمن کی حکمت عملی ناکام بنانے کیلئے پاکستان میںچلتی ہوئی گولی کو روکنا اور دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی لہر کو کم کرنا بہت ضروری ہے۔ بعض نام نہاد تجزیہ نگار پاکستانی عوام کی صحیح رہنمائی نہیں کر رہے‘ قوم کے مور ال کو گرا یاجارہا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ باتیں درست نہیں ہیں۔ اتحادیوں کی افغانستان میں شکست مسلمانوں کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ روس کی طرح امریکہ بھی افغانستان میں بُری طرح شکست سے دوچار ہوا ہے۔اتحادی ممالک اپنی شکست کا ذمہ دار پاکستانی فوج کو سمجھتے ہیں اورشکست کا بدلہ لینے کیلئے وطن عزیز پاکستان کے خلاف خوفناک منصوبہ بندیاں کر رہے ہیں۔ علیحدگی کی تحریکوں کو منظم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔  انہوں نے کہاکہ آواران، ماشکیل میں آنے والا زلزلہ ہو‘ سندھ ، خیبر پی کے یا کسی اور صوبہ میں سیلاب کی صورتحال ہو‘ جماعۃ الدعوۃ نے ہر جگہ بڑھ چڑھ کر امدادی سرگرمیاں سرانجام دی ہیں۔ بلوچستان میںجماعۃ الدعوۃ 400کنویں تعمیر کر چکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلمان گھروں میں قرآن و سنت نافذ کریں۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ عالم کفر نے مسلمانوں پر جنگیں مسلط کر رکھی ہیں اور ہمارے اس خطہ میں جاری عالم کفر کی جنگ شکست کے بعد کی اختتام کی طرف جا رہی ہے۔ امریکہ اور اسکے حواری شکست خودرہ ہو کر شکست کا انتقام لینے کیلئے بلوچستان میں علیحدگی، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور ملک کے درگر حصوں فساد برپا کروا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی میرج ہال میں متاثرین وزیرستان کیلئے فنڈ ریزنگ کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔