وسیم اکرم کا پنجاب یونیورسٹی کے قریب تیز رفتاری پر چالان‘ پانچ سو روپے جرمانہ

وسیم اکرم کا پنجاب یونیورسٹی کے قریب  تیز رفتاری پر  چالان‘ پانچ سو روپے   جرمانہ

لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی گاڑی کا تیز رفتاری پر چالان کر دیا گیا۔ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم گھر سے قذافی سٹیڈیم جا رہے تھے کہ گاڑی کی رفتار تیز ہونے پر ٹریفک پولیس کی پٹرولنگ گاڑی نے تعاقب کیا اور وسیم اکرم کی گاڑی کا چالان کرتے ہوئے آہستہ گاڑی چلانے کی ہدایت کی۔ معلوم ہوا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس کے قریب شاہ دی کھوئی سے ایک گاڑی انتہائی تیز رفتاری سے گزری، ٹریفک وارڈنز نے گاڑی کو روکا تو اس میں کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم موجود تھے ٹریفک وارڈنز نے انہیں ویڈیو کے ذریعے ان کی گاڑی کی سپیڈ بتائی جو 78 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی جبکہ ٹریفک قوانین کے مطابق 60 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ سپیڈ سے گاڑی چلانا غیر قانونی اقدام ہے جس پر ٹریفک وارڈنز نے ان کا 500 کا چالان کر دیا۔ وسیم اکرم نے چالان کی رسید وصول کی اور اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہو گئے۔