ضمنی انتخابات میں کامیابی عوام کا مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا ثبوت ہے: حمزہ شہباز

ضمنی انتخابات میں کامیابی عوام کا مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا ثبوت ہے: حمزہ شہباز

لاہور (خبر نگار) مسلم لیگ (ن) نے حلقہ پی پی 81 جھنگ میں اگلے ماہ ہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے محمد خان بلوچ کو اپنا امیدوار نامزد کر دیا۔ اس امر کا اعلان پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے گزشتہ روز اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں جھنگ سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں اور ارکان اسمبلی غلام بی بی بھروانہ، شیخ محمد اکرم، شفقت بلوچ، صائمہ اختر بھروانہ، غلام محمد لالی اور دیگر مقامی قائدین کے علاوہ سعود مجید، ملک ریاض اور مہر اشتیاق بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی مسلسل فتح اس امر کا ثبوت ہے کہ عوام کو ہماری قیادت کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد ہے اور وہ وزیراعظم نوازشریف اور ان کی ٹیم کو ملکی مفادات کا حقیقی نگہبان سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، توانائی کے بحران اور اقتصادی زبوں حالی کے خلاف ہماری حکومت جس خلوص، ثابت قدمی اور ہمت سے جدوجہد کر رہی ہے اس سے عوام کو بجا طور پر احساس ہو رہا ہے کہ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو جو مینڈیٹ دے کر حکومت میں بھیجا تھا وہ ان اہداف کو ضرور حاصل کر کے ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرے گی۔ حمزہ شہباز شریف نے اجلاس میں شریک پارٹی رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے اپنے قائدین کی طرح دن رات کوشش کریں اور اپنے علاقوں میں ترقیاتی سکیموں کی شفافیت اور بروقت تکمیل کے لئے نگرانی اور مسلسل رابطے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کی سیاست کا مقصد عوام کی خدمت ترقی اور مسائل حل کر کے ملک و قوم کو مستحکم اور باوقار بنانا ہے۔ اس موقع پر جھنگ سے تعلق رکھنے والی ممتاز سیاسی اور بااثر شخصیت محمد علی شاہ نے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔