دہشت گردی کا خاتمہ اور امن کا قیام حکومت کی اوّلین ترجیح ہے: ڈاکٹر نواز شریف

دہشت گردی کا خاتمہ اور امن کا قیام حکومت کی اوّلین ترجیح ہے: ڈاکٹر نواز شریف

لاہور (آئی این پی) وزیراعظم ڈاکٹر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ اور امن کا قیام حکومت کی اوّلین ترجیح ہے، امن کے قیام سے ہی ملک معاشی طور پر مضبوط ہوگا اور خوشحالی آئیگی۔ بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ سمیت دیگرمسائل کے حل کیلئے حکومت بھرپور اقدامات کررہی ہے، نوجوانوں کے ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کیلئے یوتھ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ جلد پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلایا جائیگا۔ مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد بتایا کہ ملاقات میں وزیراعظم کو پارٹی امور اور دیگر ایشوز کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے ہدایت کی پارٹی کارکنوں کے مسائل کے حل کیلئے ان سے رابطوں کے سلسلے کو مزید موثر بنایا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا  اور ہم بھی عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور ان کے مسائل کو حل کرکے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائیگا۔ اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ وزیراعظم بہت جلد پارٹی کارکنوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے۔