پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئج کے زیراہتمام منیر نیازی سیمینار

لاہور (کلچرل رپورٹر) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر کے زیر اہتمام منفرد انداز کے شاعر منیر نیازی کی سالگرہ کے سلسلے میں ’’منیر نیازی سیمینار‘‘ہوا جس کی صدارت ورلڈ پنجابی کانگریس کے چیئرمین فخر زمان نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی بیگم ناہید منیر نیازی تھیں۔ ڈاکٹر ناہید شاہد، سعد اللہ شاہ، صوفیہ بیدار، شجاعت ہاشمی، نیلما ناہید درانی، عمرانہ مشتاق، نعیمہ ذوالقرنین اور دیگر نے خطاب کیا،شفیق احمد خان، راجا نیّر، خاقان حیدر غازی، حکیم سلیم اختر اور اقبال راہی نے منیر نیازی کو منظوم خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ زمن عباس لونے والا اور نعیم مہدی نے منیر نیازی کا کلام ترنم کے ساتھ پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ بیگم ناہید منیر نیازی نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ لاہور کی کسی شاہراہ، پل یا انڈر پاس کو منیر نیازی کے نام سے منسوب کیا جائے ڈاکٹر صغرا صدف ڈائریکٹر پِلاک نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ میزبانی کے فرائض محمد عاصم چودھری ڈپٹی ڈائریکٹر پِلاک نے ادا کئے۔