مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت سے تجارت، بجلی خریدنا درست نہیں: حافظ سعید

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت سے تجارت، بجلی خریدنا درست نہیں: حافظ سعید

لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت سے تجارت اور بجلی خریدنے کے معاہدے کسی صورت درست نہیں۔ بیرونی قوتیں پاکستان کو دوقومی نظریہ سے الگ کرکے سیکولر ملک بنانے کی سازشیں کررہی ہیں۔ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر پاکستان بنا تھا اسی پر قوم کو متحد کریں گے۔ پانچوں صوبوں و آزاد کشمیر کے ہر شہر میں تحفظ نظریہ پاکستان مہم جاری ہے۔ تھر پارکر میں جماعۃ الدعوۃ کے رضاکار بھرپور انداز میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ متاثرہ بھائیوں کی ہرممکن مدد کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں لسانیت، عصبیت کو فروغ دیا گیا اور بیرونی طاقتیں ایسا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام و پاکستان دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے 23 مارچ کو لاہور میں ہونیوالے احیائے نظریہ پاکستان مارچ میں ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما شریک ہوں گے۔ ملک بھر میں تحصیل کی سطح پر نظریہ پاکستان کانفرنسوں، سیمینار منعقد کئے جا رہے ہیں تاکہ قوم کو پاکستان کے حصول کا مقصد یاد دلایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جماعۃ الدعوۃ بلوچ قوم کے مسائل کے حل کیلئے کروڑوں روپے کے بجٹ سے کام کر رہی ہے۔ زلزلہ متاثرین و دیگر علاقوں میں مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔ کنویں و ہینڈ پمپ بھی لگائے جارہے ہیں۔ بلوچ قوم محب وطن ہے انکے مسائل حل کرنے سے بلوچ قوم کے دل جیتے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا اچھا دوست ہے اور پاکستان کے تمام مسائل میں اس نے بھرپور ساتھ دیا ہے۔ اس پر ہم چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔