عافیہ موومنٹ کے زیر اہتمام ظلم و تشدد کی شکار خواتین سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ

لاہور (لیڈی رپورٹر) عالمی یوم نسواں کے موقع پر عافیہ موومنٹ کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب پر ظلم و تشدد کی شکار خواتین سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی ، آفتاب الدین قریشی ، عافیہ موومنٹ لاہور کے ورکرز اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ دنیا بھر میں خواتین کے حقوق کی پامالی جاری ہے لیکن جب عورتوں کے حقوق کی پامالی ریاستی اور حکومتی سطح پر کی جائے تو یہ انتہائی افسوسناک امر بن جاتا ہے ۔ ڈاکٹر فوزیہ نے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ عافیہ کے حقو ق کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے اُسے وطن واپسی لانے کے وعدے کو پورا کیا جائے۔ میں امریکی دانشور موری سلاخن کے ہمراہ عافیہ سمیت تمام بے گناہ پاکستانیوں کی بیرون ملک قید سے رہائی کے لئے تحریک کا اعلان کرتی ہوں اور اس سلسلے میں تمام یونیورسٹیوں ، کالج، بار کورٹ ،انسانی حقوق کی تنظیموں، علماء و مشائخ،وکلائ، اساتذہ اور سیاسی و سماجی رہنمائوں کے پاس جائوں گی ۔ یہ تحریک صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ ترکی ، مصر ، سائوتھ افریقہ ، یورپ اور امریکہ سمیت دنیا بھر میں شروع کی جا رہی ہے۔