اداکارہ میرا اور ان کے شوہر کیپٹن نوید کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست، عدالت نے طلبی کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ایڈیشنل سیشن جج صفدر بھٹی نے  اداکارہ میرا اور اسکے شوہر کیپٹن نوید کے خلاف اندراج مقدمہ کے لئے دائر درخواست پرانکی طلبی کے لئے دوبارہ نوٹس جاری کر دئیے۔ فاضل عدالت نے میرا اور کیپٹن نوید کو 15مارچ کو طلب کیا ہے۔ درخواست گزار شبیر نے موقف اختیار کیا کہ اداکارہ میرا اور کیپٹن نوید نے غیراخلاقی فلم کی عکس بندی کر کے انٹرنیٹ پر نشر کی اور اسلامی حدود سے تجاوز کیا۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اداکارہ میرا کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اداکارہ میرا بیرون ملک ہیں لہٰذا ان کے وکیل کی جانب سے پیش کیا جانے والا وکالت نامہ جعلی ہے جسے مسترد کیا جائے۔ عدالت نے میرا اور کیپٹن نوید کے خلاف اندراج مقدمہ کے لئے دائر درخواست پر دونوں کو 15 مارچ کے لئے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا۔