نواز، شہباز شریف اور دیگر پر مقدمے کی درخواست، ریکارڈ عدالت میں پیش نہ ہو سکا

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) مقامی ایڈیشنل سیشن جج صفدر بھٹی نے سانحہ ماڈل کا مقدمہ نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز شریف، رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف، پرویز رشید، عابد شیر علی اور چودھری نثار علی خاں وغیرہ کیخلا ف درج کرانے کیلئے دائر درخواست کی سماعت 15جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔ گذشتہ روز فاضل عدالت نے ایس ایچ او فیصل ٹائون سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کر رکھا تھا۔ تاہم مذکورہ ریکارڈ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کو تحویل میں ہونے کی بنا پر عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا۔ فاضل عدالت نے متعلقہ ایس ایچ او کو ریکارڈ پیش کرنے کیلئے آئندہ سماعت تک مہلت دی ہے۔ مذکورہ درخواست منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد جواد حامد کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست کی سماعت کے موقع پر مسلم لیگ لائرز فورم کے درجنوں وکلاء بھی عدالت میں موجود رہے۔