مودی پاکستان کو ختم کرنے کی سازش کر سکتا ہے، ناپاک عزائم خاک میں ملا دینگے: سید صلاح الدین

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام گذشتہ روز متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر کے وہاں کے لوگوں پر ظلم وجبر کے پہاڑ ڈھا دیئے ہیں۔ بھارت نے 8لاکھ فوج نہتے کشمیریوں کو حق خودارادیت سے روکنے کیلئے داخل کی اور وہ یہ سمجھتا ہے کہ شاید ظلم وجبر کے ذریعے کشمیریوں کو آزادی کی اس جدوجہد سے روک سکیں گے۔ انہوں نے کہا نریندمودی کی وزارت عظمیٰ کے دوران کشمیر کو ہڑپ کرنے اور اسے مستقل طور پر بھارت کا حصہ بنانے کی سازش کو عملی جامہ پہنانے کی حکمت عملی طے کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ مسلم دشمنی میں نریندر مودی کا اپنا ٹریک ریکارڈ بھی انتہائی خراب ہے۔ اس تناظر میں بعید نہیں کہ مودی پاکستان کو دولخت کرنے کا بھارتی کانگریس کا کریڈٹ اب باقی ماندہ پاکستان کی سالمیت ختم کرنے کی سازش کو عملی جامہ پہنا کر برابر کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مودی سرکار کی ان خواہشات کو خاک میں ملا دیں گے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ایک نظریہ اور فکر پر محیط ہے۔ ہم جہاد کشمیر کی اس جدوجہد کو مکمل کرکے دم لیں گے۔ انہوں نے کہا اس جہدوجہد میں ہمارے ہزاروں نوجوان، بزرگوں، خواتین اور بچوں کا خون شامل ہے ہم ان قربانیوں کو ہر گز ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ اگر کسی نے ان قربانیوں کا سودا کرنے کی کوشش کی تو ہمارے ہاتھ ہوں گے اور ان کے گریبان۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے پہلے دورہ کشمیر کے موقع پر سری نگر سمیت پوری وادی میں مکمل ہڑتال کر کے اس کو سلامی پیش کر دی ہے۔ کئی علاقوں میں کرفیو نافذ کرنا پڑا۔ کاروباری زندگی مفلوج رہا اور سنسان سڑکوں نے مودی کا استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس کی آزادی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔