مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو مدت پوری کرنے کا موقع ملنا چاہئے: حافظ سعید

مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو مدت پوری کرنے کا موقع ملنا چاہئے: حافظ سعید

لاہور ( این این آئی + آن لائن) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی منتخب حکومت کو اپنی مدت پوری کرنے کا موقع ملنا چاہیے، ملک موجودہ حالات میں جن مسائل سے دوچار ہے اس میں قومی اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ لاہور ائیر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہا کہ ساری جماعتیں ضرب عضب آپریشن کی حمایت کر رہی ہیں، اس میں قبائلی عوام کا تعاون قابل ستائش ہے اور انہوں نے خود کو محب وطن ثابت کیا ہے۔ انشاء اللہ ملک کے حالات بہت جلد بہتر ہو جائیں گے۔ ملک کو اس وقت خصوصاً دفاع سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے جس کے لئے قومی اتحاد کی اشد ضرورت ہے اور ہم سب کو ملکر اپنے ملک کی حفاظت کرنی ہے۔ علاوہ ازیں پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کے خلاف بیرونی سازشیں اتحاد ویکجہتی کے ذریعہ ہی ناکام بنائی جا سکتی ہیں، شمالی وزیرستان آپریشن سے متاثرہ محب وطن قبائلی عوا م کی مدد کرنا ہم سب پر فرض ہے، امریکہ آپریشن کے نتیجے میں قبائلی عوام و افواج پاکستان کے مابین جنگ دیکھنا چاہتا تھا لیکن اسکے تمام منصوبے ناکا م ہوئے، بلوچستان میں جماعۃ الدعوۃ نے خدمت خلق کے کام کے ذریعہ دشمنوں کی سازشوں کا توڑ کیا اب بھی خدمت خلق کا کام جاری رکھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیروزپور روڈ پر مقامی شادی ہال میں مسلم میڈیکل مشن کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعۃ الدعوۃ متاثرین کے سحری و افطاری کا وسیع پیمانے پر انتظام کر رہی ہے، خشک راشن کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔