لاہور : 80 لاکھ کے ڈاکے، گوجرانوالہ میں مزاحمت پر روزہ دار قتل

لاہور+گوجرانوالہ(نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے فیصل ٹائون این بلاک کے رہا ئشی عامر جنید کے گھرگھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ یر غمال بنا کر8لاکھ روپے مالیت جبکہ جنوبی چھا ئونی نشاط کالونی میں لیا قت کے گھر سے6 لاکھ روپے مالیت،نصیر آباد میں ڈاکوئوں نے سہیل کی فیملی سے5 لاکھ روپے مالیت ،گارڈن ٹائون میں عزیز اوراس کی فیملی سے4لاکھ روپے مالیت، نواب ٹائون میں عائشہ شفیق سے 3لاکھ روپے مالیت، گلشن راوی میں عاطف اوراس کی بیوی سے 3 لاکھ روپے مالیت ،جوہر ٹائون میں فرحان اوراس کی بیوی سے2لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ لئے۔ ڈاکوؤں نے مانگا منڈی میں عادل رائس کے سامنے مشتاق سے 9لاکھ28ہزارروپے، داتا دربار کاردار پارک کے سامنے یاسین سے تین لاکھ 30ہزار روپے اور موبائل فون  ،ملت پارک میں اشرف سے 3لاکھ روپے اورتین موبائل فون،شالیمار میں مقامی بنک سے 2لاکھ روپے نکلواکر آنے والے اشتیاق سے رقم ، راوی روڈمیں راحیل نواز کی دکان میںگھس کر ایک لاکھ روپے اور موٹر سائیکل ،ڈیفنس اے میں شیخ وقاص سے ڈیڑھ لاکھ روپے اور موبائل فون،کاہنہ میں وقاص سے لیپ ٹاپ اور 35ہزار روپے اور موبائل ،اچھرہ میں مطیع اللہ سے 60ہزار روپے اورموبائل فون،اسلام پورہ میں عمر سے 56ہزار روپے اور موبائل فون، وحدت کالونی میں عامر اسد سے 35ہزار روپے اورموبائل فون لوٹ لیا۔ نواں کوٹ کے علاقہ میں عمران اور افتخار کو دو ڈاکوئوں نے اسلحہ کے زور پریرغمال بناکر رقم چھیننے کی کوشش کی تو محلے داروں نے ایک ڈاکو کو دبوچ لیا اور اسے تشددکا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا ہے۔چوروں نے ڈیفنس اے کے علاقہ ایچ بلاک کے رہا ئشی زیتون حنیف کے گھر سے 16لاکھ روپے مالیت جبکہ مصطفی ٹائون عباس بلاک کے رہا ئشی رشید کے گھر سے 12لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری کر لیا ۔چوروں نے ستوکتلہ سے اسماعیل ،سبزہ زارسے صادق،باغپانپورہ سے اعجاز،ساندہ سے انور ایڈوکیٹ کی کاریں جبکہ اقبال ٹائون سے عبدالخالق اور رفیق ،اسلام پورہ سے اعجاز اور گلریز ،مصری شاہ سے احسان ، لٹن روڈسے کامران، گارڈن ٹائون سے سہیل، کاہنہ سے مسعود کی موٹرسائیکلیں چوری کر لیں ۔فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق لاہور روڈ کی آبادی ہاؤسنگ کالونی میں ڈاکوؤں نے لطیف کی دکان میں گھس کر اسے جان سے مار دینے کی دھمکی دے کر چار لاکھ روپے کے کپڑے کے تھان لے کر فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے آصف سے 40 ہزار روپے اور دو موبائل چھین لئے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پیپلز کالونی میں ڈاکوؤں نے واردات کے دوران مزاحمت پر روزے دار کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ وحدت کالونی کے رضوان کو علی الصبح کشمیر روڈ پر موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے زبردستی روک کر لوٹ مار شروع کی تو اس دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے رضوان کو شدید زخمی کر دیا۔ اسے طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال لایا گیا مگر حالت مزید بگڑ جانے کے باعث اسے لاہور ریفر کر دیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوا ئے وقت کے مطابق  نواحی گائوں دھریاں میں پولیس اور خطرناک ڈاکوئوں کے مابین مقابلہ میں سب انسپکٹر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے شدید ذخمی ہوگیا جبکہ پولیس نے تین ڈاکوئوں کو سرغنہ سمیت گرفتار کرکے انکے قبضہ سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور لوٹی رقم برآمد کرلی۔ گذشتہ روز ایس ایچ او جلالپور بھٹیاں ملک محمد عباس کھچی کو مخبری ہوئی تو اس نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ چھاپہ مارا تو ڈاکوئوں نے پولیس کو  دیکھتے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ایک پولیس سب انسپکٹر سرفراز احمد شدید ذخمی ہوگیا۔