عوام جاننا چاہتے ہیں سونامی، مولانا انقلاب کی منزل و مقصد کیا ہے: رانا مشہود

لاہور (ثناء نیوز) صوبائی وزیر قانون رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ سونامی اور مولانا انقلاب کی منزل اور مقصدکیا ہے؟ دھاندلی کے سدباب کے لئے آئینی راستے موجود ہونے کے باوجود انتشار اور پُرتشدد طریقہ کیوں اختیار کیا جا رہا ہے؟ پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ اور نقل مکانی کرنے والوں کے مسائل سے لوگوں کی توجہ کیوں ہٹانا چاہتی ہے؟ صوبائی وزیر قانون رانا مشہود احمد خاں نے شاہ محمود قریشی اور دیگر کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف صف آراء ہے اور عمران خان بلاجواز ریلیوں کی منصوبہ بندی کر کے قوم میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ثابت ہو گیا کہ پی ٹی آئی اس کرپٹ مافیا کے ساتھ ہے جنہوں نے اپنے دور میں پاکستان کو غیرملکی طاقتوں کے حوالے کر دیا تھا۔ رانا مشہود نے کہا کہ دھاندلی کی آڑ میں احتجاج دراصل جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔ چلے ہوئے کارتوس صرف تعمیروترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں لیکن اب عوام شکست خوردہ عناصر کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔