عزت اور وقار کا معیار لباس نہیں‘ شخصیت اور علم ہیں: عدیل برکی

عزت اور وقار کا معیار لباس نہیں‘ شخصیت اور علم ہیں: عدیل برکی

لاہور (خصوصی رپورٹر) معروف گلوکار عدیل برکی نے کہا ہے کہ پاکستان بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے۔ ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے۔ پاکستان کو درپیش مسائل کے ہم خود ذمہ دار ہیں اور نئی نسل اپنی صلاحیتوں سے ہمیں ان مسائل سے نجات دلا سکتی ہے۔ آپ مسلسل محنت کریں اور اپنے فن میں بھرپور مہارت حاصل کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان شاہراہ قائداعظم میں جاری نظریاتی سمر سکول کے چودہویں سالانہ تعلیمی سیشن کے بیسویں روز ’’میوزک دے (ملی نغمے‘ کلام اقبالؒ) کے دوران کیا۔ اس موقع پر نظریاتی سمر سکول کی سابق ہونہار طالبات سارہ رضا خان‘ شرمین قمر‘ انیسہ فاطمہ قادری‘ مہک صابر اور تحریم فاطمہ بھی موجو دتھیں۔ سارہ رضا خان نے کہا کہ ہمیشہ سچ بولیں اور کبھی کسی سے حسد نہ کریں۔ شرمین قمر اور مہک صابر نے بتایا کہ ہم نے نظریاتی سمر سکول سے بہت کچھ سیکھا اور یہاں کی تربیت کی بدولت ہم میں اتنا اعتماد پیدا ہوا ہے کہ آج ہم اس سٹیج پر آپ سے مخاطب ہیں۔