رمضان بازاروں میں اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی پر سمجھوتہ نہیں کرینگے: حمزہ شہباز

رمضان بازاروں میں اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی پر سمجھوتہ نہیں کرینگے: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار پرسختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کے لئے جامع میکانزم وضع کیا گیا ہے اور معیاری اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام کو ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹائون آفس میں رمضان بازاروں کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔  حمزہ شہباز نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رواں سال رمضان المبارک کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبے کے عوام کو رمضان المبارک کے دوران ریلیف فراہم کرنے کے لئے ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے رمضان پیکیج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت عوام کوسستے آٹے کی فراہمی پر 5ارب روپے کی سبسڈی دی گئی۔ رمضان بازاروں میں سبزیوں، پھلوں اور اشیائے ضروریہ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ  وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق صوبہ بھر میں سحری اور افطاری کے اوقات میں 2ہزار مدنی دسترخوان لگائے  ہیں  جہاں پر عوام کو سحری اور افطاری کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں صفائی ستھرائی اور سیکورٹی کے انتظامات کو فول پروف بنایا جائے اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی زائد نرخوں پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔  وزیراعلیٰ کی طرف سے صوبے کے مختلف علاقوں میں قائم ان رمضان بازاروں کے اچانک دورے سے یہ پیغام ملا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے کے وزیراعلی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کے دوران صوبہ بھر میں 346 رمضان بازار لگائے گئے ہیں اور 346 زرعی فیئر پرائس شاپس لگائی گئی ہیں جہاں سبزیاں اور پھل سستے داموں دستیاب ہیں جبکہ صوبہ بھر میں 2ہزار مدنی دسترخوان لگانے کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔