دو روز قبل ٹرانسفارمر کے تیل سے زخمی ہونے والی صحافی کی بیوی دم توڑگئی

لاہور ( نامہ نگار) ایل ڈی اے ایونیوون میں دو روز قبل موٹر سائیکل پر اشارے پر کھڑے ہونے کے دوران ٹرانسفر پھٹنے سے اوپر تیل گرنے سے زخمی ہونے والی صحافی طارق عبداللہ کی اہلیہ دو بچوں کی ماں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ طارق عبداللہ کی ہسپتال حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔تفصیلات کے مطابق دو روز قبل صحافی طارق عبداللہ اپنی اہلیہ دو بچوں کی ماں اجالا طارق کے ہمراہ موٹر سائیکل پرا یل ڈی اے ایونیوون میںجارہے تھے کہ انہوں نے اشارہ بند ہونے پر موٹر سائیکل کھڑی کی تو اس دوران سڑک کنارے لگا ٹرانسفارمرزور دار دھماکے سے پھٹ گیا اور اس میں سے گرم تیل طارق عبداللہ اور ان کی اہلیہ پر جاگرا۔جس سے دونوں میاں بیوی جھلس کر شدید زخمی ہو گئے ۔دونوںکو طبی امدادکے لئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا  ۔جہاں گزشتہ روزاجالا طارق زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑ گئی ۔اس واقعہ پر اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا اور کہا کہ لیسکو کے افسران کی ملی بھگت سے انتہائی ناقص ٹرانسفارمر خرید کر شہر میں لگا دئیے گئے ہیں۔