ایپکا کی قلم چھوڑ ہڑتال‘ ملازمین کا سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج

لاہور (سپیشل رپورٹر) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی مرکزی قیادت کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب بھر میں ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کی اور سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا۔ ایپکا پنجاب کے صدر حاجی ارشاد نے کہا ہے کہ حکومتی وعدوں‘ یقین دہانیوں کے باوجود سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات منظور نہیں کیے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ ایپکا کے قائدین نے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ اور خیبر پی کے کی طرز پر اپ گریڈیشن کی جائے۔ وفاقی حکومت کی طرز پر سپرنٹنڈنٹ کو گریڈ 17 دیا جائے۔ گریڈ 5 سے گریڈ 16 تک کے ملازمین کے لیے ٹائم سکیل پروموشن کا اعلان کیا جائے۔ تنخواہوں میں پچاس فیصد اضافہ اور سابقہ بجٹ کا پانچ فیصد دیا جائے۔ ایڈہاک ریلیف ضم کرکے سکیوں کو ریوائز کیا جائے۔ حاجی ارشاد نے کہا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو عید کے بعد سرکاری ملازمین پنجاب اسمبلی کا گھیرائو کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔