ہائر ایجوکیشن میں خواتین کا تناسب بڑھانے کے لیے نئی ویمن یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی

لاہور (پ ر) وزیرتعلیم پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہائرایجوکیشن میں خواتین کا تناسب بڑھانے کے لیے بہاولپور، ملتان، سیالکوٹ اور فیصل آباد میںنئی ویمن یونیورسٹیاں قائم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت نے میرٹ پالیسی کو فروغ دیتے ہوئے میڈیکل کالجز و انجینئرنگ یونیورسٹیز میں سیلف فنانس کی سیٹیں ختم کر دی ہیں اور صرف میرٹ پر آنے والے طلبا ہی ان اداروں میں داخلہ لے سکتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران 10 ارب روپے کے پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے 50 ہزار طلباءکو وظائف دیئے جا رہے ہیں۔ اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ گزشتہ تعلیمی سال کے دوران 30 لاکھ بچوں کو سکول لے کر آئے جبکہ 2012-13ءکے دوران 38 لاکھ بچوں کو سکول داخل کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سکولوں میں 85 فیصد اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا ہے اور حکومتی کوششوں کی بدولت لٹریسی ریٹ 59 فیصد سے بڑھ کر 63 فیصد ہو گیا ہے -