کسی معاشرہ کی بہتری میں عام خواتین کا اہم کردار ہوتا ہے: حنا ربانی کھر

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرہ کی بہتری میں عام خواتین کا اہم کردار ہوتا ہے، درحقیقت کوئی بھی معاشرہ خواتین کو نظرانداز کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا، یہ محاورہ کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے، کسی بھی قوم کی تقدیر بنانے میں خواتین کے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔ وہ منگل کو پی اے ایف آفیسرز میس میں پی اے ایف فنشنگ سکول کی طالبات کے 33 ویں بیچ کی گریجویشن تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری بیٹیوں کیلئے بھی یہ اتنا ہی اہم ہے کہ ہم ان کے اندر ایک پاکستانی لڑکی امنگیں اجاگر کریں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ زندگی کی بے شمار پیچیدگیاں ہیں اور ان سے نمٹنے کیلئے فنشنگ سکول جیسے اداروں سے مستفید ہونا ضروری ہے۔ سکول کی ڈائریکٹر بیگم نسرین اورنگزیب نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ پی اے ایف ویمن ایسوسی ایشن کی صدر اور سکول کی پیٹرن انچیف بیگم شہلا طاہر نے وزیر خارجہ کو سکول کی یادگار پیش کی۔