کامیابی کیلئے صوفیاء کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا پڑیگا: مفتی منیب الرحمٰن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) دینی اور دنیاوی زندگی میں کامیابی کے لیے صوفیاءکی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا پڑے گا، جو لوگ اولیاءکے ارشادات سے روگردانی کرتے ہیں جبکہ صرف ان کی یاد کی محفلیں سجاتے ہیں وہ کبھی بھی بزرگوں کی روحانیت سے فیضیاب نہیں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیئر مین روئیت ِ حلال کمیٹی و صدر تنظیم المدار اہلسنت مفتی محمد منیب الرحمن نے آستانہ عالیہ بہکھی شریف کے سجادہ نشین پیرسید محمد نوید الحسن شاہ کی زیر صدارت جامعہ مسجد حنفیہ مجاہد آباد مغلپورہ لاہور میں مولانا پیر قاری محمد کریم الدین سیالوی رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمولانا سیف الرحمن رضوی، مولانا عبدالمجید کوکب، مولانا محمد اشرف اعوان، ڈاکٹر محمد ابوبکر، مولانا قاری غلام مصطفی کے علاوہ ملک بھر سے آئے ہوئے علماءو مشائخ بھی موجود تھے۔ مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ اولیا اللہ عظمت اسلام کے مینار ہیں۔ محمد علی کریمی نے کہا کہ اولیاءاکرام نے اسلام کی شمع روشن کی اور کفرستانِ ہند کو دین اسلام کا گہوراہ بنایا۔ پیر سید شاہد حسین گردیذی نے کہا کہ مزاراتِ ا ولیاءپر خرافات کے ذمہ داروں کو شرعیت سے آگاہی نہیں ہے۔ محکمہ اوقاف میں موجود چند عناصر بھی غیر شرعی حرکات اور خرافات کے ذمہ دار ہیں۔ مولانا ثناءاللہ نے کہا کہ قاری کریم الدین رحمتہ اللہ علیہ سچے عاشقِ رسول تھے ۔ انہوں نے پوری زندگی محبت مصطفیﷺکا درس دیا۔