ڈیڑھ لاکھ پاکستانی نوجوانوں کیلئے بیرون ملک روزگار، حیران کن ہے: خرم دستگیر

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور رکن قومی اسمبلی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ صدر زرداری کی طرف سے ڈیڑھ لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کے لیے بیرون ملک بھجوانے کا اعلان حیران کن ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے بیرون ممالک میں اتنے روزگار تلاش کر لیے ہیں تو ہم انہیں مبارکباد دیتے ہیں۔ دنیا بھر میں اقتصادی بحران کی وجہ سے تارکین ِ وطن کے لیے روزگار کے مواقع کم ہو رہے ہیں اور بیرون ملک آباد لاکھوں پاکستانی اس بحران کی وجہ سے وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ محض غریب عوام سے پیسے بٹورنے اور جیالوں کو نوازنے کا ایک طریقہ نظر آتا ہے۔ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں اپنی واضح شکست کو دیکھتے ہوئے اس طرح کے انتخابی شوشے چھوڑنے سے باز آئے۔