پنجاب پیرا میڈیکس الائنس کی گنگا رام چوک میں احتجاجی ریلی

لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب پیرا میڈیکس الائنس نے اپنے مطالبات کے حق میں سر گنگا رام ہسپتال چوک میں احتجاجی ریلی نکالی۔ احتجاجی ریلی کی قیادت سلطان محمود بھٹی سرپرست اعلیٰ نے کی۔ اس احتجاجی ریلی میں ضلع لاہور کے چیئر مین میاں خالد محمود ، صدر اکبر جاوید، شعیب انور چوہدری ضلعی آرگنائر لاہور، سینئر نائب صدر عاشق گجر سمیت سر گنگا رام ہسپتال اور فاطمہ جناح میڈیکل کالج اور میو ہسپتال کے دیگر پیرا میڈیکس (گریڈ 1تا 17) اور ہیلتھ سپورٹنگ سٹاف نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ 19 دسمبر کے احتجاجی دھرنے کے دو ہفتے گزرنے اور خواجہ سلمان رفیق کی واضح یقین دہانی کے باوجود پنجاب حکومت اور بیورو کریسی پیرامیڈیکس (گریڈ 1 تا 17)اور ہیلتھ سپورٹنگ سٹاف کے مطالبات کو سنجیدگی سے حل نہیں کر رہی۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے YDA گنگا رام کے ڈاکٹر علی ڈوگر نے کہاکہ ڈاکٹرز اورپیرا میڈیکس اکھٹے ہیں۔ یہ لڑائی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس مل کر لڑیں گے۔