ملک میں حقیقی ترقی کیلئے ہر شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانا ہونگی: عبدالعلیم خان

لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی ترقی کے لئے ہر شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانا ہوں گی۔ اہل اور پیشہ وارانہ قابلیت کے حامل افراد کو آگے لائے بغیر اقتصادی حالت نہیں سدھر سکتی، کرپشن اور وسائل کے ضیاع پر قابو پا لیا جائے تو آج بھی قومی معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے، سسٹم کی خرابیوں کو دور کرنے کے لئے اہل قیادت بنیادی ضرورت ہے جس کے لئے آئندہ انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہوں گے۔ پی ٹی آئی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ اقربا پروری اور سرکاری وسائل کے بے جا استعمال نے قومی اداروں کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ کرنسی کی گرتی ہوئی شرح اور غیر ملکی قرضوں نے معیشت کو دیوالیہ کر دیا ہے خود منتخب اراکین اسمبلی ہی ٹیکس ادا نہیں کریں گے تو کیسے ٹیکس نیٹ وسیع کیا جا سکتا ہے۔