قوم جاگ اٹھے تو کوئی بیماری نہیں ٹھہر سکتی: رانا محمد اقبال

لاہور (نیوز رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے کہا ہے کہ قوم جاگ اٹھے تو کوئی بیماری نہیں ٹھہر سکتی۔ بچے کی پیدائش کا اندراج پولیو کے قطرے پلانے سے مشروط کیا جائے ۔ پولیو کے خاتمہ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام ہونا چاہیے۔ اور سالانہ بجٹ میں اس کے تدارک کے لیے الگ سے رقم رکھی جائے۔ اس کے خاتمہ کے لیے میڈیا عوام میں اگاہی پیداکرے۔ ڈینگی کے خاتمہ کے لیے میاں محمد شہباز شریف نے دن رات محنت کی اور اللہ تعالی نے ان کی کاوشوں کو کامیابی سے نوازا۔ محکمہ صحت پولیو کے نقصانات سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلڈاٹ کے زیر اہتمام ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس ورکشاپ کا انعقاد پلڈاٹ نے اراکین اسمبلی کی اگاہی کے لیے کیا۔