قاضی حسین احمد کی وفات نہ صرف جماعت اسلامی بلکہ ملک کا نقصان ہے: احمد علی اولکھ

لاہور (پ ر) صوبائی وزیر زراعت و آبپاشی ملک احمد علی نے منصورہ میں جماعت اسلامی کے دفتر میں سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ تعزیتی اجتماع میں شرکت کی اور امیر جماعت اسلامی سید منور حسن سے اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کے علاوہ دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی موجود تھے۔ اجتماعی دعا میں شرکت کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ قاضی حسین کا شمار ملک کے جید علماءمیں ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ تھے۔ ان کی وفات سے نہ صرف جماعت اسلامی بلکہ ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی مذہبی، سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔