طاہر القادری کے لانگ مارچ کو خوش آمدید کہیں گے: فیصل کریم کنڈی

لاہور (پ ر) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہم طاہر القادری کے لانگ مارچ کو خوش آمدید کہیں گے۔ ماضی میں بھی ہونے والے لانگ مارچ کو روکا نہیں گیا بلکہ انہیں ویلکم کیا گیا۔ پہلے سونامی لانے والے اب غائب ہو چکے یں جبکہ طاہر القادری کے سونامی کا حال بھی پہلے والوں جیسا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماءو چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ پاکستان سید آصف ہاشمی سے انکی رہائش گاہ پر خصوصی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید فراز ہاشمی ایڈووکیٹ، عامر حسین ہاشمی، وجاہت نقوی، ظہر بٹ و دیگر افراد بھی موجود تھے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ طاہر القادری کا ایجنڈا انکو خود بھی معلوم نہیں۔ ہماری حکومت کے خلاف شروع دن سے ہی جانے کی باتیں ہونے لگی تھیں مگر اللہ کے فضل و کرم سے ایک عوامی اور جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرنے جا رہی ہے۔ الیکشن بروقت اور مقررہ مدت پر ہونگے اور پیپلز پارٹی دوبارہ عوامی مینڈیٹ کے ذریعے منتخب ہو گی۔