ایل ڈی اے کا تین غیر قانونی سکیموں کےخلاف آپریشن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے میٹروپولیٹن پلاننگ ونگ کے عملے نے گزشتہ روز فیروز پور رورڈ کے قریب واقع تین غیرقانونی رہائشی سکیموں کے خلاف آپریشن کر کے ان کی چاردیواری، گیٹ اور سڑکیں وغیرہ مسمار کر دیں۔ نگار پھاٹک کاچھا روڈ کے قریب واقع علی ہومز کا داخلی گیٹ، چاردیواری، سڑک اور سیوریج سسٹم مسمار کر دیا گیا۔ پرانا کاہنہ میں واقع سبحان گارڈن کی چار دیواری اور دو آہنی گیٹ گرا دیئے گئے جبکہ قریب ہی واقع اختر آباد ہاﺅسنگ سکیم کی بھی چار دیواری اور سڑک مسمار کرنے کے علاوہ اس کا سیوریج سسٹم بھی جزوی مسمار کر دیا گیا۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہریوں اور متوقع خریداروں کو آگاہ کیا ہے کہ لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد رہائشی سکیمیں غیرقانونی ہیں اور ان کے سپانسرز پرکشش اشتہارات دیکر پلاٹ فروخت کر رہے ہیں۔ ان سکیموں کے لئے ایل ڈی اے سے باضابطہ منظوری حاصل نہیں کی گئی۔ اس لئے یہ شہریوں کے اپنے مفاد میں ہے کہ وہ ان سکیموں میں پلاٹ نہ خریدیں۔