اقتدار کے ایوانوں پر چند خاندان مکمل طور پر قابض ہیں: شازیہ خان

لاہور (لیڈی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) خواتین ونگ پنجاب یوتھ ونگ کی نائب صدر شازیہ خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران عوامی مینڈیٹ کی توہین کررہے ہیں۔ ان کے پاس نہ کوئی معاشی پالیسی ہے اور نہ عوامی ریلیف کے منصوبے ہیں۔ غربت اورمہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہوکر لوگ خودکشیاں کررہے ہیں۔ اشیاءخوردو نوش کی قیمتوں میں ہوشرباءاضافہ ہوچکا ہے۔ بجلی و گیس کی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے لاکھوں صنعتی مزدوروں کو بے روز گار کردیاہے۔انڈسٹری کا شعبہ تباہی کے دھانے پر پہنچ چکاہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک موجودہ انتخابی نظام تبدیل نہیں ہوگا اس وقت تک ملک اور عوام ترقی نہیں کرسکیں گے۔ موجودہ نظام صرف اور صرف جاگیرداروںاور سرمایہ داروں کے تحفظ کیلئے ہی بنایا گیا ہے اور الیکشن میں حصہ لینے کیلئے کروڑوں روپے درکار ہوتے ہیں اور غریب آدمی سیاسی عمل میں حصہ نہیں لے سکتا اور اقتدار کے ایوانوں پر چند خاندان مکمل طورپر قابض ہیں جو اپنی اپنی باری پر اقتدار میں آکر عوام اور ملک کو لوٹ رہے ہیں۔