اعلیٰ عدلیہ کارروائی نہ کرتی تو مزید کئی ادارے تباہ ہو جاتے: ریاض موسوی

لاہور (پ ر) تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی رہنما پیر سید ریاض موسوی نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ قوم کو نئے سال کا تحفہ دیتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا بھی نوموٹو نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں کی ملی بھگت اور کرپشن کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی یکطرفہ قیمتوں نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمانوں کو چھو رہی ہیں، اس معاملے میں بھی اعلیٰ عدلیہ سی این جی طرح کارروائی عمل میں لائے اور پٹرول و ڈیزل کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے مطابق کی جائیں۔ سید ریاض موسوی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن اور لوٹ مار کے علاوہ کچھ نہیں کیا، اگر چیف جسٹس اور عدلیہ کا ڈر نہ ہوتا تو مزید کئی ادارے بھی تباہی اور بربادی کا شکار ہو جاتے، ریکوڈک اس امر کی تازہ ترین مثال ہے کہ حکمرانوں نے قومی خزانے کو کس کس طرح سے نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔