حج درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ آج، آن لائن تفصیلات جاری

لاہور ( خصوصی نامہ نگار) گورنمنٹ سکیم کے تحت حج درخواستیں جمع کروانے کی آج (جمعہ 8 مئی) آخری تاریخ ہے۔ وزارت مذہبی امور نے درخواست گزاروں کی سہولت کے لئے بینکوں میں جمع شدہ درخواستوں کی تمام تفصیلات اپنی ویب سائٹ www.hajjinfo.org پر مہیا کر دی ہیں۔ درخواست گزار اپنے شناختی کارڈ یا اپنی حج درخواست کا نمبر اینٹر کر کے اس کا پرنٹ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ گروپ کی تشکیل یا تفصیلات کے اندراج میں غلطی نظر آنے کی صورت میں متعلقہ بینک کی وساطت سے اس کی تصحیح بھی کروائی جاسکتی ہے ۔ اس سال قرعہ اندازی تشکیل دیئے گئے گروپوں کی بنیاد پر ہوگی۔ عازمین اس بات کی تسلی کرلیں کہ گروپ کے تمام ممبران کا اندراج ایک ہی گروپ میں کیا جا چکا ہے۔ گروپ ممبران کے علیحدہ علیحدہ ہونے کی صورت میں وزارت ذمہ دار نہیں ہوگی۔