لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، ژالہ باری، دینہ میں چھت گرنے سے ماں بیٹا جاں بحق

لاہور+ فیصل آباد (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار خصوصی ) لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، دینہ میں چھت گرنے سے ماں بیٹا جاں بحق ہوگئے۔ لاہور میں موسلا دھار بارش اور کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔ ننکانہ صاحب و گردو نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری، سردی دوبارہ لوٹ آئی، لوگوں نے گرم کپڑے اور جرسیاں دوبارہ پہن لیں شہر میں سموسوں پکوڑوں اور جلیبیوں کی دکانوں پر عوام کا رش بڑھ گیا مزدور طبقہ کام نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا شکار۔ نامہ نگار خصوصی کے مطابق شیخوپورہ میں شدید بارش اور ژالہ باری بھی متعدد علاقوں کی بجلی بھی بند رہی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا۔ فیصل آباد اور اسکے گردو نواح میں بھی موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، موسم میں پھر سے سردی کی لہر دوڑ اٹھی ۔ دوگھنٹے سے جاری موسلادھار بارش کے باعث ہر طرف جل تھل ہو گئی جبکہ شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ بارش کی وجہ سے دوبارہ سے سردی میں اضافہ ہو گیا محکمہ موسمیات کے مطابق فیصل آباد کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 14 ڈگری اور کم ازکم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ بنایا جا رہا ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ 48 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ چک امرو میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بھلوال، کمالیہ اور اس کے گردونواح میں نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی بھی کھڑا ہو گیا ہے، نارووال میں حالیہ بارشوں سے نالہ ڈیک میں پانی آ جانے کی وجہ سے درجنوں دیہاتوں میں پانی گھس گیا جس سے کھڑی فصلیں پانی میں ڈوب گئیں گندم کی فصل تباہ ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔ دینہ میں سوہاوہ کے نواحی گاؤں میں چھت گرنے سے ماں بیٹا جاں بحق ہوگئے، اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت دونوں کو ریسکیو کیا۔ سوہاوہ کے نواحی گاؤں کھبل اعوان میں ماں بیٹا اپنے جانوروں کو چارہ ڈالنے گئے جانوروں کے کمرے کی چھت گرنے سے بصیرت آفتاب اور اس کی والدہ سفینہ اختر جاں بحق ہوگئے۔علاوہ ازیں مری سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق مری میں پھر برف باری، سردی بڑھ گئی، سیاحوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ کراچی سے خصوصی رپورٹر کے مطابق کراچی میں ہفتہ کی شام تیز ترین گرد آلود ہوائیں چلنے سے فضا میں گردو غبار چھا گئی۔