’’لگتا ہے راولپنڈی، اسلام آباد نہیں لندن میں سفر کر رہے ہیں‘‘ مسافروں کی شہبازشریف سے گفتگو

لاہور(خبرنگار) وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے میٹرو بس میں سفر کے دوران مسافروں سے میٹرو بس سروس کے معیار اور سفری سہولتوں کے بارے پوچھا تو مسافروں نے بتایا کہ میٹروبس سروس کے آغاز سے انہیں اعلیٰ معیار کی آرام دہ، سستی ٹرانسپورٹ مہیا ہوئی ہے اور اس سے عزت و وقار کے ساتھ منزل تک پہنچنے کی سہولت ملی ہے اور وقت کے ساتھ پیسے کی بھی بہت بچت ہو رہی ہے۔ حیدر آباد کی انشورنس کمپنی میں ملازمت کرنے والے دو مسافروں نے کہا کہ وہ ایک سال پہلے بھی راولپنڈی آئے تھے اور انہیں اسلام آباد پہنچنے کیلئے تین گاڑیاں تبدیل کرنا پڑیں لیکن میٹرو بس میں سفر کرتے ہوئے انہیں فخر اور دلی اطمینان حاصل ہو رہا ہے کہ وہ 20 روپے کے انتہائی کم کرائے میں ائرکنڈیشنڈ بس میں اسلام آباد جا رہے ہیں۔ گلگت اور آزاد کشمیر سے آئے ہوئے میٹروبس میں سفر کرنیوالے دو مسافروں نے کہا کہ میٹرو بس میں سفر کر کے انتہائی خوشی ہوئی ہے اور اتنے کم کرائے میں باوقار طریقے سے کبھی سفر کرنے کا کبھی تصور نہیں کیا تھا ۔ لگتا ہے راولپنڈی، اسلام آباد میں نہیں بلکہ لندن یا پیرس میں سفر کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ نے ایک خواب کو حقیقت کا روپ دیدیا ہے۔ میٹرو بس سفر کے دوران وزیراعلیٰ نے خواتین اور چھوٹے بچوں ، نوجوانوں اور بزرگ مسافروں سے بھی میٹرو بس سروس کے معیار اور سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ شہباز شریف نے جب خواتین مسافروں سے اس بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے میٹرو بس شروع کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میٹروبس سروس انتہائی اچھی ، آرام دہ اور سستی ہے۔ راولپنڈی صدر سے پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد تک دوران سفرمسافر وزیراعلیٰ شہبازشریف سے مصافحہ کرتے رہے اور اپنے موبائلز سے وزیراعلیٰ کی تصاویر بناتے رہے۔