شہباز شریف کا میٹرو بس روٹ کا پروٹوکول کے بغیر اچانک دورہ، قطار میں کھڑے ہو کر ٹکٹ خریدا‘شہریوں کے ’’شیر آیا میٹرو لایا‘‘ کے نعرے

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گذشتہ روز پاکستان میٹرو بس روٹ کا اچانک دورہ کیا اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ پروٹوکول کے بغیر صدر میٹرو بس سٹیشن پہنچے اور قطار میں کھڑے ہو کر ٹکٹ خریدا اور فیض آباد بس سٹیشن تک مسافروں کے ساتھ میٹرو بس میں سفر کیا۔ سفر کے دوران وزیراعلیٰ مسافروں میں گھل مل گئے اور میٹرو بس سروس کے حوالے سے گفتگو کی۔ شہباز شریف جب پاکستان میٹرو بس کے صدر سٹیشن پہنچے تو وہاں پر موجود لوگوں نے انہیں اپنے درمیان پا کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور فرط جذبات سے سرشار ہو کر ’’شیر آیا، میٹرو لایا‘‘ اور ’’شہبازشریف زندہ باد‘‘ کے واشگاف نعرے لگائے۔ میٹروبس میں سوار تاجروں، بچوں، طالبعلموں، خواتین اور بزرگوں نے شہباز شریف کو اپنے درمیان پا کر انتہائی مسرت کا اظہار کیا اور میٹرو بس سروس شروع کرنے پر وزیراعظم محمد نواز شریف اور شہباز شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ راولپنڈی کے تاجروں کا کہنا تھا کہ اسلام آباد جاتے ہوئے پہلے کئی گاڑیاں بدل کر گھنٹوں کی مسافت کے بعد منزل تک پہنچتے تھے، اب میٹرو بس نے آرام دہ اور معیاری سفری سہولتیں فراہم کی ہیں اور صرف 45 منٹ میں اسلام آباد پہنچ جاتے ہیں۔ شہباز شریف نے مسافروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میٹرو بس پراجیکٹ عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے کا عظیم منصوبہ ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے میٹرو بس پراجیکٹ کے حوالے سے بھرپور تعاون کیا ہے جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔