طلبہ تعلیم پر توجہ دیں اور بڑے ہو کر ملکی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں: شیخ صلاح الدین
لاہور (خصوصی رپورٹر) طلبہ تعلیم پر توجہ دیں اور بڑے ہو کر ملکی تعمیروترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ قیام پاکستان کی مخالف طاقتیں آج بھی موجود ہیں لہٰذا ہمیں اپنی تحریک جاری رکھنی ہے۔ ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے کارکن و معروف سماجی شخصیت شیخ صلاح الدین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ شاہراہ قائداعظمؒ میں جاری منفرد پروگرام نظریاتی سمر سکول کے پندرہویں سالانہ تعلیمی سیشن کے چھبیسویں روز طلبا وطالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نظریاتی سمر سکول کی سابق ہونہار طالبہ انیسہ فاطمہ قادری ، مبین قادری اور سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید بھی موجود تھے۔ شیخ صلاح الدین نے کہا کہ طلبہ بھرپور محنت کریں اور علم کے زیور سے آراستہ ہوں۔ انہوں نے کہا مسلمانوں نے قائداعظمؒ کی قیادت میں تحریک پاکستان کی تاریخ ساز جدوجہد میں حصہ لیا اور بالآخر 14اگست 1947ء کو پاکستان معرض وجود میں آگیا۔ نظریاتی سمر سکول میں طلبہ کو بتائی جانیوالی باتوں کے متعلق پاکستان کے ہر بچے کو بھی آگاہ ہونا چاہئے۔ انیسہ فاطمہ قادری نے کہا نظریاتی سمر سکول نے میری صلاحیتوں کو جلا بخشی۔ یہاں آکر ہم میں وطن سے محبت اور اپنے ملک کی خاطر کچھ کرنے کا جذبہ پیدا ہوا۔ اس سکول میں ہمیں اسلام اور پاکستان سے محبت کا درس دیا گیا۔