اوورسیز کمشن پنجاب تارکین وطن کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے : افضال بھٹی
لاہور(خبر نگار)کمشنر اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجا ب افضال بھٹی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایات پر اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب تارکین وطن کے مسائل کے حل کے لئے بھر پور کوششیں کر رہا ہے -وہ برطانیہ کے شہروں برمنگھم اور گلاسگو میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ روڈ شوز کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔روڈ شوز میں پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے تارکین وطن کی بڑی تعداد نے شرکت کی -افضال بھٹی نے بتایا کہ اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے تعاون سے آزاد جموںو کشمیر حکومت بھی اوور سیز پاکستانیز کمیشن کا قیام عمل میں لا رہی ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ برطانیہ کے صدر نے بھی روڈ شوز میں شرکت کی ۔افضال بھٹی نے انہیں یقین دلایا کہ اقلیتی ونگ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی تارکین وطن کے مسائل بھی ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔وائس چیئر پرسن اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب شاہین خالد بٹ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل احمد مبین نے بھی روڈ شوز کے شرکاء سے خطاب کیا۔